اسلام آباد:راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے بانیٔ پی ٹی آئی سے جیل میں فراہم کردہ سہولتوں کے حوالے سے اٹھنے والی خبروں کی تردید کی ہے۔
جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو جیل کے قواعد و ضوابط کے مطابق تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی سیکیورٹی اور صحت کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو ہر روز ایک انگریزی اخبار فراہم کیا جاتا ہے، ورزش کے لیے مشین اور واک کے لیے مناسب جگہ بھی دستیاب ہے۔
مزید برآں، بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کھانے کے لیے الگ کچن فراہم کیا گیا ہے، ان کی سیکیورٹی کے لیے عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے، اور انہیں مطالعے کے لیے کتابیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے وضاحت کی ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے سیل میں گٹر کھلا ہونے کی خبریں درست نہیں، اور نہ ہی بشریٰ بی بی کے سیل میں چوہوں کی موجودگی کی اطلاعات میں کوئی حقیقت ہے۔
ان کے مطابق، بانیٔ پی ٹی آئی کو ہفتے میں دو بار فیملی، وکلاء، اور سیاسی ملاقاتوں کی اجازت دی جاتی ہے، اور سماعت کے دوران بھی وہ ملاقاتیں کرتے ہیں۔ انہیں ٹیلی ویژن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔