اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب یہ اجلاس شام 4 بجے ہوگا۔
پہلے اجلاس صبح ساڑھے 11 بجے مقرر تھا۔ اس وقت کی تبدیلی اسپیشل پارلیمانی کمیٹی کی خصوصی سفارش پر کی گئی۔
کمیٹی نے صبح 10 بجے کی میٹنگ کے بعد اسپیکر سے کہا کہ اہم امور پر فیصلے کرنے کے لیے مزید وقت کی ضرورت ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی کی درخواست پر اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اس تبدیلی کا نوٹس جاری کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری
دوسری جانب، قومی اسمبلی کے اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
آج کے ایجنڈے میں وقفہ سوالات کے علاوہ دو توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہیں، جبکہ صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے خطاب پر اظہارِ تشکر بھی ایجنڈا کا حصہ ہے۔
اراکین کی طرف سے نقطہ اعتراضات اٹھانے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترامیم کا بل ضمنی ایجنڈے کے ذریعے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، عدلیہ سے متعلق آئینی ترمیم میں سپریم کورٹ کے ججوں کی مدتِ ملازمت 65 سال سے بڑھا کر 68 سال کرنے اور ہائی کورٹس کے ججوں کی مدتِ ملازمت 62 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے کی تجویز شامل ہے۔
ججوں کی تقرری کے طریقۂ کار میں بھی تبدیلی کی توقع ہے، جس میں جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کو ایک بنانے کی تجویز شامل ہے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس پہلے آج ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا تھا اور اس کا 6 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا تھا، لیکن اب قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔