پاکستان سے 28 لاکھ افغان شہریوں کی وطن واپسی

0

نیوز ڈیسک

محکمہ داخلہ پنجاب نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان سے غیر قانونی طور پر مقیم 28 لاکھ 7 ہزار 250 افغان شہریوں کو اب تک وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے، جبکہ پنجاب میں انخلا کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے سے اب تک ایک لاکھ 43 ہزار 474 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو واپس بھیجا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں، جہاں 153 افغان شہری موجود ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہولڈنگ سینٹرز میں افغان باشندوں کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکومت پاکستان کی پالیسی کے تحت قابلِ قبول ویزا کے بغیر ملک میں مقیم افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔

ایسے افراد کو گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کردیا جاتا ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران صوبے کے مختلف رہائشی علاقوں اور مارکیٹس میں 4 لاکھ سے زائد سرچ آپریشن کیے گئے، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو جائیدادیں کرائے پر دینے والے 803 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کا فارن نیشنل سکیورٹی ونگ ان کارروائیوں کی نگرانی اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا ذمہ دار ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ کارروائیوں کا ہدف صرف غیر قانونی طور پر مقیم افراد ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام، شناختی دستاویزات میں جعلسازی یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.