کون ہوگا پاکستان کا پہلا خلا باز؟ چین نے انتخاب کرلیا

0

نیوز ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان کا ایک خلا باز چین کے آئندہ شینزو 24 خلائی مشن میں شامل ہو کر چین کے خلائی اسٹیشن کا سفر کرنے والا پہلا غیر ملکی شہری بننے جا رہا ہے۔ چین نے پاکستانی خلا باز کو مشن کے لیے پے لوڈ اسپیشلسٹ منتخب کر لیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، چین کے انسانی خلائی پرواز کے ادارے نے پاکستانی خلا باز کے انتخاب کی تصدیق کی ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت دوطرفہ شراکت داری کا حصہ ہے۔

چینی حکام نے تاحال منتخب پاکستانی خلا باز کا نام اور مشن کی حتمی روانگی کی تاریخ ظاہر نہیں کی، تاہم خلائی مشن رواں سال کے اختتام تک روانہ ہونے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی پائلٹس ذیشان علی اور خرم داؤد نے بیجنگ میں قائم چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان دونوں میں سے کس پائلٹ کو حتمی طور پر مشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

پاکستان اور چین نے گزشتہ فروری میں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت چینی حکومت کی نگرانی میں تربیتی پروگرام شروع کیا گیا۔ پروگرام میں خلائی مشن سے متعلق عملی تربیت کے علاوہ چینی زبان کی تعلیم بھی شامل ہے تاکہ منتخب امیدوار خلائی اسٹیشن میں فرائض انجام دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں۔

دوسری جانب چین کی قومی خلائی انتظامیہ پاکستان کا پہلا قمری روور ’جناح ون‘ بھی چاند پر بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔ 35 کلوگرام وزنی اس روور میں جدید سائنسی آلات نصب ہوں گے، جن کی مدد سے چاند پر پلازما کے رویے، تابکاری اور مٹی کی ساخت کا مطالعہ کیا جائے گا۔

چین نے گزشتہ چند برسوں کے دوران اپنے خلائی پروگرام پر بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور اس شعبے میں امریکہ کے ساتھ اس کی مسابقت بھی جاری ہے۔ بیجنگ نے 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

چینی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق، خلائی مشن میں مختصر قیام مکمل کرنے کے بعد خلا باز شینزو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.