کراچی:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں برہانی محل اور شاہ شہیدان امام بارگاہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے برہانی محل میں داودی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کی، سیدنا مفضل سیف الدین کے صاحبزادے شاہ زادہ حسین برہان الدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی نے سیدنا مفضل سیف الدین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آمد پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، داودی بوہرہ برادری امن پسند اور محبت کرنے والی کمیونٹی ہے۔
سیدنا مفضل سیف الدین نے داودی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے سولجر بازار میں شاہ شہیدان امام بارگاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے مولانا آیت اللّٰہ عقیل الغربی اور سابق نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ مقبول باقر سے ملاقات کی-
انہوں نے کہا کہ شاہ شہیدان امام بارگاہ پر سیکیورٹی اور دیگر انتظامات بہترین ہیں، وفاق محرم الحرام میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہے، محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔
مولانا آیت اللّٰہ عقیل الغربی اور مقبول باقر نے امن عامہ کے بہترین انتظامات پر وزیرِ داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
Prev Post