اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ خوبرو اداکار عمران عباس محرم الحرام کے اس مقدس مہینے کا احترام نہ کرنے والوں پر برس پڑے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے اداکار جو ہر عام و خاص موقع پر اپنی رائے کا کھل کر اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں سوشل میڈیا کے ذریعے محرم الحرام کی حرمت کی پاسداری نہ کرنے والوں خاص طور سے میڈیا سے مایوسی کا اظہار کھل کر کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ کس طرح ہمارے ٹیلی ویژن چینلز سے رمضان، محرم الحرام سمیت دیگر اسلامی مہینوں اور تاریخی دنوں کا احترام ختم ہو رہا ہے جبکہ ماضی میں پی ٹی وی کے دور میں ایسا نہیں ہوتا تھا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ پہلے محرم کا چاند نظر آتا تھا تو پی ٹی وی پر ہر طرح کے ساز بند ہو جاتے تھے۔
خبروں میں کوئی ٹیون نہیں بجتی تھی، کوئی ان دنوں میں گانے کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ جتنی بھی بڑی خوشی ہوتی تھی اس پر غم حسینؓ کو ترجیح دی جاتی تھی اور احترامِ محرم برقرار رکھا جاتا تھا۔
لیکن افسوس کہ اب ایسا کچھ نہیں ہوتا۔
اداکار کے مطابق کس کتاب میں لکھا ہے ہم خوشی نہیں کر سکتے، ہنسی مذاق ناچ گانے جاری رہتے ہیں۔
ہم دلیل مانگتے ہوئے یہ بات بھول جاتے ہیں کہ احترام بھی کسی چیز کا نام بے ادب بھی کچھ ہوتا ہے، تمہارے گھر میں میت ہو جائے تو کیا ناچو گے یا نہیں ناچنے کی دلیل مانگو گے؟۔
عمران عباس کی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے بھی ان کی رائے سے بھر پور اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں نئے ہجری سال کا آغاز محرم الحرام سے ہو چکا ہے، یہ اسلامی مہینہ دیگر مذاہب کی تاریخ کے اعتبار سے بھی اہمیت کا حامل رہا ہے.
تمام مسلمان اس اسلامی مہینے کو انتہائی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔