ایف آئی اے انٹرپول کی کارروائی، دو لاپتا بچوں کو پاکستان پہنچنے پر تحویل میں لے لیا

نیوز ڈیسک

0

اسلام آباد: ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے کارروائی کرتے ہوئے دو لاپتا بچوں کو پاکستان پہنچنے پر تحویل میں لے لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق آئی بی ایم ایس کے نفاذ کے بعد، یہ ایف آئی اے این سی بی انٹرپول کی پہلی کامیاب کارروائی تھی، جس میں بشکیک سے پاکستان پہنچنے والے دو لاپتا بچوں کو اسلام آباد پہنچنے پر تحویل میں لیا گیا۔

ان بچوں کی گمشدگی کی اطلاع پنجاب پولیس نے دی تھی۔

بچوں کی گمشدگی کا مقدمہ 2022 میں لاہور کے تھانہ برکی میں درج کیا گیا تھا۔

انٹرپول پاکستان نے بچوں کی گمشدگی کے لیے ییلو نوٹس جاری کیے تھے، جس کی مدد سے یہ کارروائی ممکن ہوئی۔

تحویل میں لیے گئے بچوں کی شناخت محمد حذیفہ اور احمد عمیس عابد کے نام سے ہوئی۔

ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے ان بچوں کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔

نئے سسٹم کی بدولت یہ ممکن ہوا کہ گمشدہ بچوں کو تحویل میں لیا جا سکا۔

بچوں کے نانا نے نومبر 2022 میں داماد کی جانب سے اپنی بیٹی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کرایا تھا۔

مقدمے میں کہا گیا تھا کہ داماد عابد مقصود نے اپنی بیوی خدیجہ کو تشدد کر کے گھر سے نکال دیا تھا۔

خدیجہ نے بچوں کی کسٹڈی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں رپورٹ دائر کر رکھی تھی۔

جب وہ اپنے چچا کے ساتھ تھانے میں اطلاع دے کر واپس جا رہی تھی، تو عابد مقصود نے راستے میں اسلحے کی نوک پر بچوں کی کسٹڈی کیس واپس لینے کے لیے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

ذرائع کے مطابق عابد مقصود بچوں کو لے کر غائب ہوگیا۔

جب بچوں کی کسٹڈی کیس کے تناظر میں بچے نہ ملے، تو لاہور پولیس نے ایف آئی اے انٹرپول سے رجوع کیا۔

ایف آئی اے انٹرپول نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچوں کی گمشدگی کے ییلو نوٹس جاری کیے تھے۔

جیسے ہی بچے والد کے ساتھ بشکیک سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے، انہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔

نئے سسٹم کے تحت امیگریشن ڈیٹا بیس کو انٹرپول کے ڈیٹا بیس سے منسلک کیا گیا ہے، جس سے گمشدہ بچوں، چوری شدہ پاسپورٹس، اور سنگین جرائم میں مطلوب افراد کو پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا جا سکے گا۔

رواں سال اپریل میں انٹرپول فائنڈ سسٹم کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.