خلیل الرحمٰن قمر کا پرانا ویڈیو وائرل، خواتین کے برابری کے حقوق کے مطالبے کو چیلنج کرنے کا دعویٰ

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:پاکستانی معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کی خاتون کے ہاتھوں اغواء ہونے کی خبر نے سوشل میڈیا پر ایک پرانے انٹرویو کو دوبارہ وائرل کر دیا ہے۔

خلیل الرحمٰن کو لاہور میں 15 جولائی کو ایک خاتون اور اس کے ساتھیوں نے اغواء اور ڈکیتی کا نشانہ بنایا۔

ایف آئی آر کے مطابق، خلیل الرحمٰن کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغواء کیا گیا اور پھر بھاری رقم کا مطالبہ کیا گیا۔ رقم نہ ملنے پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس نے ملزمان کی گاڑی برآمد کر لی ہے اور انہیں گرفتار کر کے تفتیش جاری ہے، جن میں وہ خاتون بھی شامل ہے جو ہنی ٹریپ کا حصہ تھی۔

پولیس کے مطابق، خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے خلیل الرحمٰن کو ڈرامہ بنانے کا جھانسہ دیکر اپنے گھر بلایا تھا۔

خلیل الرحمٰن قمر کے اغواء کی خبر پھیلنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کا ایک پرانا انٹرویو دوبارہ وائرل ہو گیا ہے، جس میں وہ برابری کے حقوق کے مطالبہ کرنے والی خواتین کو اپنے اغواء سے متعلق چیلنج کر رہے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں، معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن نے خواتین کے حقوق پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں مردوں کو خواتین پر برتری حاصل ہے اور ان کے حقوق میں برابری نہیں ہے۔

انہوں نے ایک مثال دی کہ اگرچہ ہم اکثر سنتے ہیں کہ ایک لڑکی کو پانچ مردوں نے اغواء کرلیا، لیکن کیا کبھی سنا ہے کہ پانچ لڑکیوں نے مل کر ایک مرد کو اغواء کیا؟

خلیل الرحمٰن قمر نے خواتین کو چیلنج کیا کہ اگر وہ برابری چاہتی ہیں تو انہیں بھی اغواء کر کے دکھانا ہوگا، تب ہی وہ سمجھیں گے کہ آج کی خواتین مردوں کی برابری کر رہی ہیں۔

اس کلپ کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد، صارفین نے مختلف ردعمل ظاہر کیے ہیں۔
بعض صارفین ڈرامہ نگار کی باتوں سے متفق ہیں جبکہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ خواتین نے جو ردعمل ظاہر کیا ہے، وہ درست ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ڈرامہ نگار نے اپنی کہانی کا اسکرپٹ خود لکھا ہے، جبکہ دوسرے نے اسے مقافات عمل قرار دیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.