اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہےکہ اسلام مکمل طور پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو تسلیم کرتا ہے۔
اقلیتوں کے دن (11 اگست) پر اپنے پیغام میں، انہوں نے کہا کہ ہم یہ دن پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں مناتے ہیں۔
آصف علی زرداری کا مزید کہنا ہےکہ ہم قائد اعظم کے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم ہیں، جو اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے بارے میں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کو آئین پاکستان میں ضمانت دیے گئے تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔
صدر نے کہا کہ ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کے لیے نشستیں مخصوص ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اقلیتی طلباء کے لیے وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے فنڈنگ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر پاکستانی کو، چاہے اس کا مذہب، ذات، رنگ یا نسل کچھ بھی ہو، زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے اور وہ اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق رکھتا ہے۔
زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع فراہم کرے گا۔
ان کو یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔