اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے دو لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سیکریٹری دفاع، سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہر مشوانی کے والد کی درخواست پر سماعت کی، جس میں بتایا گیا کہ اظہر مشوانی کے بھائی پروفیسر مظہر الحسن اور پروفیسر ظہور الحسن 6 جون سے لاپتا ہیں۔
عدالت میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی رپورٹس پہلے ہی جمع ہو چکی ہیں۔
سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں بھائیوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملی ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب بھی کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو وہ تمام فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کریں گے۔
عدالت نے سیکریٹری دفاع، سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، اور ڈی جی ایف آئی اے کو 15 اگست کو طلب کر لیا ہے اور ہدایت دی ہے کہ وہ وضاحت دیں کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔
آج کی سماعت میں اظہر مشوانی کے والد کی جانب سے وکلا سردار مصروف اور آمنہ علی مرتضیٰ طوری پیش ہوئے۔