اسلام آباد:پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جیولین تھرو سیریز کی تجویز پیش کی ہے۔
انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر یوٹیوب پر جاری کی گئی ویڈیو میں بھارت اور آسٹریلیا کے کرکٹ میچز اور دیگر کھیلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
باسط علی کا کہنا ہےکہ بھارت اور پاکستان سیاسی تناؤ کی وجہ سے ایک دہائی سے زائد عرصے سے دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیل رہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز پر راضی نہیں ہوتا، تو دونوں ممالک کسی نیوٹرل مقام پر ہاکی، جیولین تھرو، یا کبڈی کی سیریز کھیلنے پر غور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم جب جیولین تھرو میں مقابلہ کرتے ہیں تو دنیا بھر کے لوگ ٹیلی ویژن کے سامنے ہوتے ہیں، اور اگر یہ دونوں جیولین تھرو سیریز میں مدِ مقابل ہوں، تو یہ بھارت اور آسٹریلیا کی سیریز سے بھی بڑا مقابلہ ہوگا۔