اسلام آباد:مشہور امریکی اداکار میتھیو پیری کی پُراسرار موت کے سلسلے میں ڈاکٹر اور دیگر 4 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ’فرینڈز‘ سیریز سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار میتھیو پیری کی موت پچھلے سال کیٹامائن کی زائد مقدار کے استعمال کے باعث ہوئی تھی۔
اب خفیہ ایجنسیوں نے تفتیش کی ہے کہ میتھیو پیری کو کیٹامائن کس نے فراہم کی۔
تفتیشی اہلکاروں نے ڈاکٹر سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں ایک خاتون جسوین سنگھا بھی شامل ہیں، جو کہ ’کیٹامائن کوئین‘ کے نام سے مشہور ہیں۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ میتھیو پیری کو کیٹامائن کی مہلک مقدار فراہم کرنے کی ذمہ داری جسوین سنگھا پر عائد کی گئی ہے، جس کی وجہ سے اداکار کی موت واقع ہوئی۔
یاد رہے کہ اداکار میتھیو پیری کی موت کے بعد کیے گئے پوسٹ مارٹم میں انکشاف ہوا کہ ان کی وفات انستھیزیا کی زیادہ مقدار کے استعمال کی وجہ سے ہوئی تھی۔
یہ دوائی عموماً ڈپریشن اور دماغی مسائل کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
54 سالہ پیری لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ کے باتھروم کے ٹب میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
واضح رہے کہ میتھیو پیری نے 1994 سے 2004 تک جاری رہنے والی مشہور امریکی سیریز ‘فرینڈز’ میں ‘چینڈلر’ کا کردار ادا کیا تھا، جو پہلے سیزن سے لے کر دسویں سیزن تک جاری رہا۔