اسلام آباد:پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے ترکیہ کی بندرگاہوں گلوچک اور اکساز کا دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ترک بندرگاہ پہنچنے پر پاکستانی سفارت خانے کے عملے اور ترک بحریہ کے اعلیٰ حکام نے جہاز اور عملے کا استقبال کیا۔
گلوچک میں کمانڈنگ آفیسر نے ترک بحریہ کے فلیٹ کمانڈر اور گلوچک نیول بیس کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔
اکساز میں ترک بحریہ کے کمانڈر سیکنڈ ڈسٹرائر اسکواڈرن نے جہاز کا دورہ کیا، جس میں ترک بحریہ کے جہاز ٹی سی جی گیلیبولو کے کمانڈنگ آفیسر بھی شامل تھے۔
اس موقع پر، پی این ایس حنین اور ترک کوسٹ گارڈ کے جہاز گیلیبولو کے درمیان دسویں دوطرفہ بحری مشق کا انعقاد کیا گیا۔
اس بحری مشق کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔