اسلام آباد: جڑواں شہروں میں کل میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند رہے گی، صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک سروس معطل رہے گی۔اس کی وجہ جڑواں شہروں میں ہونے والے مختلف ایونٹس ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے کارکنوں کو ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ عدالت نے جلسے کی اجازت دی تھی، لیکن کمشنر نے اسے منسوخ کر دیا ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت کے فسطائی اقدامات کی مذمت کی اور کہا کہ جلسہ ہر صورت ہوگا، اور وہ خود صوابی انٹرچینج سے کارکنوں کی قیادت کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام پاکستانی کل ترنول چوک پہنچیں، بانی پی ٹی آئی ہمارا لیڈر ہے اور ہماری ضد بھی۔
دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد نے شرکت کی، جہاں ڈی سی نے جاری کردہ این او سی کا جائزہ لیا اور آئی جی نے مختلف ایونٹس کی وجہ سے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا۔
ماضی کے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے جلسے کی اجازت منسوخ کر دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کی موجودگی اور پی ٹی آئی کے دھرنے کے ارادے کی بنا پر سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کی۔