الیکشن کمیشن نے فارم کی تصدیق کے لیے افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے ویب سائٹ پر فارم 45، 46، 47، 48، اور 49 کی تصدیق کے لیے مختلف افسران کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ان فارموں کی تصدیق کی منظوری دے دی اور اس کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کیا۔

اس نوٹیفکیشن کے تحت، این اے 1 سے 266 تک کی فارم تصدیق کی ٹیم کی قیادت محمد ناصر خان کریں گے، جبکہ پی کے 1 سے 115 تک کے فارموں کی تصدیق کا ذمہ کاشف عباس ملک پر ہوگا۔

اسی طرح، پی پی 1 سے 297 تک اور پی ایس 1 سے 120 تک کے فارموں کی تصدیق بھی کاشف عباس ملک کے سپرد کی گئی ہے۔

پی بی 1 سے 51 تک کے فارموں کی تصدیق کے بھی وہی ذمہ دار ہوں گے، جبکہ وقاص ملک کو تصدیق کے عمل کی نگرانی کے لیے سپروائزر مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سید ندیم حیدر فارموں کی تصدیق کے انچارج ہوں گے۔ پولنگ اسٹیشنز کی فہرست کے مطابق، ان افسران پر مشتمل ٹیمیں فارم 45 اور 46 کی تصدیق اور مسنگ فارموں کی نشاندہی کریں گی۔

ان ٹیموں کو یہ بھی چیک کرنا ہوگا کہ تمام فارم 47، 48، اور 49 ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے گئے ہیں یا نہیں۔ ان تمام کاموں کو 7 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران یہ چیک کر رہے ہیں کہ آیا فارم ویب سائٹ پر صحیح طریقے سے اپ لوڈ ہوئے ہیں یا نہیں، کیونکہ 92 ہزار پولنگ اسٹیشنز کے فارموں کا معائنہ ایک مشکل کام ہے۔

حکام نے تصدیق کے لیے مخصوص ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، بس چیکنگ کی جارہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.