اسلام آباد:ملک میں رواں سال پولیو سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے، جن کا تعلق کراچی اور بلوچستان سے ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق جاں بحق بچہ عبداللّٰہ، قاسم ٹاؤن ڈسٹرکٹ ملیر کا رہائشی تھا، جبکہ جاں بحق 2 بچوں کا تعلق بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللّٰہ اور کوئٹہ سے ہے۔
ای او سی کا کہنا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔
سندھ میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 12 ہے، اور رواں سال کراچی سے پولیو کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ کیسز ملیر، ضلع شرقی اور کیماڑی سے سامنے آئے۔
بلوچستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 20 ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں یہ تعداد 5 ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ پنجاب اور اسلام آباد سے بھی ایک ایک بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے۔ 28 اکتوبر کو ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=4536