اسلام آباد:ملک میں پولیو کے مزید 4 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں، جس کے بعد رواں برس متاثرہ بچوں کی تعداد 32 تک جا پہنچی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی نیشنل ریفرنس لیب نے 4 پولیو کیسز کی تصدیق کی ہے، جن میں سے 3 کیسز سندھ اور 1 خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، جیکب آباد کی یونین کونسل ٹھل 2 میں 32 ماہ کی بچی اور ڈیڑھ سال کے بچے میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ، ملیر کی تحصیل بن قاسم، ابراہیم حیدری میں 6 سالہ بچے کا پولیو ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جو کہ انتقال کر چکا ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی یو سی مورگہ میں 22 ماہ کے بچے میں بھی پولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق، رپورٹ میں شامل کیسز کی جینیاتی تشخیص کا عمل جاری ہے۔