عمران خان اور علی امین گنڈاپور کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

یہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ نون میں درج کیا گیا ہے، جس میں اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔

اس مقدمے میں اعظم سواتی، عمر ایوب، بیرسٹر سیف، پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل، حفیظ الرحمٰن ٹیپو، اور 500 نامعلوم افراد بھی نامزد کیے گئے ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق، اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل عبد الحمید کو اغواء کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور یہ کارروائی عمران خان اور علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر کی گئی۔

مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر ڈنڈوں، پتھروں اور آہنی راڈوں سے حملے کیے، انہوں نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑیں اور اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ مظاہرین نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا، اور حکومت و ریاست کے خلاف نعرے بازی کی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل عبدالحمید تشدد کے دو روز بعد اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.