ایپل کے اے آئی فیچرز صارفین کے لیے متعارف، کن آئی فونز میں دستیاب ہوں گے؟

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے حال ہی میں اپنے نئے اے آئی فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

پیر کو جاری کردہ بیان میں کمپنی نے بتایا کہ ’ایپل انٹیلیجنس‘ ٹول اور دیگر اپ ڈیٹس اب آئی فون، آئی پیڈ، اور میک صارفین کے لیے دستیاب ہیں۔

ایپل کی جانب سے متعارف کردہ فیچرز میں تحریر کو بہتر بنانے کے لیے اے آئی پاورڈ رائٹنگ ٹولز، اہم نوٹیفکیشنز کی نشاندہی کرنے والا ٹول، اور تصاویر میں موجود نقص کو دور کرنے کے لیے کلین اپ ٹول شامل ہیں۔

یہ اقدام آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی دنیا میں ایپل کا پہلا بڑا قدم ہے۔ کمپنی نے آئی او ایس 18.1 جاری کیا ہے، جس کے بعد مخصوص آئی فون ماڈلز پر یہ اے آئی فیچرز استعمال کیے جا سکیں گے۔

ایپل کے نئے فیچرز آئی فون 16 سیریز، آئی فون 15 پرو، اور 15 پرو میکس کے لیے دستیاب ہیں۔

ایپل کے سی ای او ٹم کک نے کہا کہ ایپل انٹیلیجنس نے آئی فون، آئی پیڈ، اور میک کے لیے ایک نیا دور متعارف کروا دیا ہے، جو نئے تجربات اور ٹولز فراہم کرتا ہے، اور یہ تبدیلی صارفین کی سوچ کو بالکل بدل دے گی۔

مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=4450

Leave A Reply

Your email address will not be published.