اسلام آباد:آئی سی سی ذرائع نے بھارتی میڈیا کے دعوے کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ہنگامی میٹنگ منگل کو طلب کی گئی ہے۔
بھارتی چینلز نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے ایک ایمرجنسی بورڈ میٹنگ طلب کی ہے، جس میں چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور بھارت کے پاکستان کے دورے کے انکار پر گفتگو کی جائے گی۔
تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس میٹنگ کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے۔
یاد رہے کہ 1996 کے ون ڈے ورلڈ کپ اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ایونٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5262
یہ تمام میچز 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی حکومت سے پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے اور اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔
تاہم، پی سی بی نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکار کر چکا ہے اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔
یاد رہے کہ بھارت نے 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، اور 2012 کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں ہوئی۔
گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گئے، جہاں فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔