ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر 15 فروری تک مکمل، پی ایس ایل ٹرائلز یکم جنوری سے

حنیف اللہ خان 

0

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل سید فخر جہان نے کہا ہے کہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پشاور کا تعمیراتی کام 15 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد یہ اسٹیڈیم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچز کے لیے دستیاب ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسٹیڈیم کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ آئندہ پی ایس ایل کے میچز پشاور میں منعقد کیے جائیں اور جلد از جلد انٹرنیشنل میچز کا انعقاد بھی ممکن بنایا جائے۔ اس موقع پر ڈی جی اسپورٹس عبدالناصر خان، پشاور زلمی کے ڈائریکٹر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم، ڈائریکٹر اسٹیڈیم سلیم رضا، اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

ڈبل شفٹ میں تعمیراتی کام

صوبائی وزیر نے کہا کہ اسٹیڈیم کے سول ورک کو ڈبل شفٹ میں مکمل کیا جائے گا تاکہ باقی ماندہ کام وقت پر مکمل ہو سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فنڈز کی کمی کو تعمیراتی عمل میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں سید فخر جہان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، جیسا کہ حالیہ منعقدہ قومی میراتھن ریس کے کامیاب انعقاد نے ثابت کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوری میں قومی پولو ایونٹ بھی منعقد کیا جائے گا اور صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پی سی بی کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

پشاور زلمی کے ٹرائلز

پشاور زلمی کے ڈائریکٹر محمد اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے ٹرائلز یکم جنوری سے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں ہوں گے، جس میں پاکستان بھر سے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کو توقعات سے بڑھ کر خوبصورت بنایا گیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل کے میچز پشاور میں کرائے جا سکیں گے

کرکٹ کے فروغ کا عزم

محمد اکرم نے کہا کہ پشاور زلمی صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کام کرے گا اور خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کا پاکستان کرکٹ میں بڑا کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے شہر میں پی ایس ایل کے لائیو میچز دیکھ سکیں۔

دورے کے اختتام پر صوبائی وزیر اور پشاور زلمی کے حکام نے اسٹیڈیم گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور کھلاڑیوں میں شرٹس تقسیم کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.