بھارتی باکسر کا پاکستانی حریف پر تھپڑ، ویڈیو وائرل

0

نیوز ڈیسک

دبئی: پاکستان اور بھارت کے درمیان 7 نومبر کو ہونے والے باکسنگ مقابلے سے قبل دبئی میں ماحول اس وقت کشیدہ ہوگیا جب بھارتی باکسر منیش شرما نے ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران پاکستانی حریف رحیم پردیسی کو مبینہ طور پر تھپڑ دے مارا، جس کے بعد دونوں باکسرز کے درمیان ہاتھا پائی اور دھکم پیل شروع ہوگئی۔

دبئی میں منعقدہ ’فیوری بائی دی سی – موکا باکسنگ‘ کے پروموشنل ایونٹ میں دونوں کھلاڑیوں کا آمنا سامنا ہوا تو تلخ جملوں اور اشتعال انگیز اشاروں کے تبادلے نے اچانک صورتحال کو کشیدہ کردیا۔

اس دوران بھارتی باکسر منیش شرما غصے میں آگئے اور انہوں نے مبینہ طور پر پاکستانی باکسر رحیم پردیسی کو تھپڑ مار دیا۔ واقعے کے بعد دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے قریب آگئے اور دھکم پیل شروع ہوگئی۔

موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری مداخلت کرتے ہوئے دونوں باکسرز کو الگ کیا اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روک لیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد باکسنگ شائقین کی توجہ اس مقابلے پر مزید بڑھ گئی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والا یہ مقابلہ پہلے ہی خاصی دلچسپی کا باعث تھا، تاہم پروموشنل تقریب میں پیش آنے والے واقعے نے مقابلے کی سنسنی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

رحیم پردیسی اور منیش شرما 7 نومبر کو دبئی میں باکسنگ رنگ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ اب شائقین کی نظریں اس مقابلے پر مرکوز ہیں کہ پروموشنل ایونٹ میں پیدا ہونے والی تلخی کا جواب دونوں باکسرز رنگ میں کس انداز سے دیتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.