نیوز ڈیسک
مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں شدید بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر شہری دفاع نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رہائشیوں اور سیاحوں کو سیلابی صورت حال سے خبردار کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں، ژالہ باری اور اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔
العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کی پیش گوئی پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام نے بالخصوص وادیوں، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں میں جانے سے منع کیا ہے، جہاں بارش کے دوران اچانک پانی جمع ہونے یا سیلابی ریلے آنے کا خطرہ رہتا ہے۔ شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ پانی سے بھری سڑکیں عبور کرنے اور برساتی نالوں میں تیراکی سے گریز کریں۔
قومی مرکز برائے موسمیات کی 5 نومبر کو جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق جمعہ سے منگل تک مملکت کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانی سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں اچانک سیلاب، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ جازان، عسیر، الباحہ، مدینہ منورہ، حائل، الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں کے بعض حصے بھی خراب موسم سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
موسمی پیش گوئی میں تبوک کے بعض علاقوں اور مشرقی صوبے کے شمالی حصوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر دھند چھانے کی توقع ہے۔
شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ وادیوں اور خشک ندی نالوں میں داخل ہونا بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ کسی دوسرے مقام پر ہونے والی بارش کا پانی تیزی سے بہہ کر دور دراز علاقوں میں سیلابی ریلے کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
حکام نے شہریوں اور سیاحوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورت حال سے باخبر رہیں، سرکاری اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر خطرناک مقامات کا رخ نہ کریں۔
سعودی عرب میں نومبر کے دوران بالخصوص مغربی اور جنوب مغربی پہاڑی علاقوں میں بارشوں اور گرج چمک کے واقعات معمول کا حصہ ہیں، تاہم شدید بارشوں کے باعث مقامی سطح پر سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
