ویب ڈیسک
iCube قمر کے کامیاب لانچ کے بعد، پاکستان نے 30 مئی کو ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹلائٹ PakSAT-MM1R کو چین کے تعاون سے لانچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون کی علامت قرار دیا۔
یہ اعلان قومی خلائی ایجنسی، اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے کیا۔ ترجمان کے مطابق PakSAT-MM1R کو 30 مئی کو چین کے Xichang سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹلائٹ PakSAT-MM1R سپارکو اور چینی ایرو اسپیس انڈسٹری کی مشترکہ کاوش ہے، اور اسے ملک کی مواصلات اور رابطے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی اور سماجی و اقتصادی حالات کو بہتر بنانے کا ایک بڑا محرک ثابت ہوگا۔ تقریب رونمائی ایجنسی کے اسلام آباد اور کراچی میں دفاتر سے براہ راست نشر کی جائے گی۔
پاکستان کے قمری سیٹلائٹ iCube قمر نے چاند کے تین چکر مکمل کرنے کے بعد مدار سے پہلی تصویر بھیجی ہے۔
آئی کیوب قمر کو 3 مئی کو چین کے ہینان سے چین کے Chang’e-6 پر لانچ کیا گیا تھا۔
پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق iCube قمر 8 مئی کو قمری مدار میں داخل ہوا۔
سیٹلائٹ دو کیمروں سے لیس ہے جو 200 کلومیٹر کے فاصلے سے چاند کی تصاویر لے رہا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے مطابق ICUBE-Q سیٹلائٹ IST نے چین کی شنگھائی یونیورسٹی SJTU اور پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔