اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے ’’لیڈرزان اسلام آباد بزنس سمٹ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت کی طرف بڑھ رہی ہے، اور پاکستان کو اس رفتار کے ساتھ ہم آہنگ ہونا ہوگا ورنہ ہم پیچھے رہ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ٹیکنالوجی زندگی کے ہر شعبے میں انقلاب برپا کر رہی ہے، چاہے وہ زراعت ہو، صحت، تعلیم، تجارت یا پیداوار۔
روزمرہ کی گفتگو سے لے کر معاشی منظرنامے تک سب کچھ تیزی سے بدل رہا ہے۔ سکیورٹی اور سیاسی استحکام جیسے چیلنجز کے ساتھ ساتھ ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں کا بھی سامنا ہے، اور ایسے میں ٹیکنالوجی ہی ترقی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
شزہ فاطمہ نے بتایا کہ پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ میں بے پناہ پوٹینشل ہے۔ ہم پاکستان کی مارکیٹنگ پر جو ایک ڈالر خرچ کرتے ہیں، وہ ہمیں انچاس ڈالر کی واپسی دیتا ہے۔ہمارا ہدف ہے کہ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے پچیس ارب ڈالر کی برآمدات حاصل کریں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اٹھائیس اور انتیس اپریل کو پاکستان میں ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری سمٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں سعودی عرب تعاون فراہم کر رہا ہے۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=6755
اسلام آباد کے لیے ایک “سپر ایپ” اور “اسمارٹ اسلام آباد” کا پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت کاروباری رجسٹریشن کے تمام مراحل آن لائن مکمل ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل ہم نے چین کے شہر شینزن سے سیکھا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں ایک جامع بزنس سہولت مرکز قائم کیا جا رہا ہے جہاں تمام متعلقہ دفاتر ایک ہی چھت کے نیچے ہوں گے۔
ساتھ ہی، ملک بھر میں دو سو پچاس روزگار مراکز اور خالی عمارتوں میں آئی ٹی پارکس بنانے کا اعلان بھی کیا گیا۔
اسلام آباد آئی ٹی پارک کا افتتاح چودہ اگست کو کیا جائے گا، جس کے بعد کراچی میں آئی ٹی پارک کا افتتاح ہوگا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے، تاکہ انہیں عالمی سطح پر کامیابی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔