پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے کا کوئی اثر نہیں ہوگا

نیوز ڈیسک

0

پشاور:خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے کا کوئی اثر نہیں ہوگا اور انہیں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ہم چیلنج کرتے ہیں، آئیں اور ہمت کریں، سپریم کورٹ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ان کا فیصلہ خود ان کے گلے پڑے گا، اور ہم ہر میدان میں ان کا مقابلہ کریں گے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کا آپشن کھلا ہے اورجلد ہی اسلام آباد میں ہمارا جلسہ ہوگا۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ آرٹیکل 6 اور پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ ن لیگ کے اندرونی اختلافات کا نتیجہ ہے، اور مسلم لیگ ن کے اندر اقتدار کی لڑائی اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 8 فروری کو پی ٹی آئی سب سے مقبول جماعت کے طور پر ابھری ہے اور سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے کیس پر وفاقی حکومت کو شرمندگی اٹھانی پڑی۔

گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے پر طویل غوروفکر جاری تھا اور یہ معاملہ آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.