ریاض:سعودی عرب میں مدینہ منورہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں کھجوروں کی کٹائی زور و شور سے جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہاں جون کے آغاز میں کھجوریں اتاری جاتی ہیں۔
اس علاقے میں کھجوروں کے 29 ہزار فارمز یا باغات موجود ہیں، جو اپنی بہترین کھجوروں کے لیے مشہور ہیں۔
موسم کا کھجوروں کے پکنے پر بڑا اثر ہوتا ہے، اور خاص طور پر مدینہ کے کچھ علاقوں میں یہ سلسلہ جولائی کے آخر تک جاری رہتا ہے۔
جیسے ہی کسانوں کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ کھجوریں پک گئی ہیں، وہ فوراً ان کی کٹائی شروع کر دیتے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق مدینہ منورہ کی مارکیٹوں میں کئی مشہور اقسام کی کھجوریں فروخت کے لیے لائی جاتی ہیں، جن میں عجویٰ، صفویٰ، عنبر، مدجول اور برہی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مارکیٹوں میں روتھانہ، رابعہ، حلیہ حلوہ اور سویدہ جیسی دیگر اقسام بھی دستیاب ہیں۔
سعودی عرب میں وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت نے کھجوروں کی کٹائی کے ساتھ ہی مارکیٹوں کی نگرانی اور معائنے کی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔
متعلقہ وزارتیں تکنیکی، صحت مندانہ اور پیداوار کا معیار اعلیٰ رکھنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔