ارشد ندیم کا کمال: گولڈ میڈل ہی نہیں، قوم کی محبت بھی جیت لی

نیوزڈیسک

0

لاہور:وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جیولن تھرو کے کھلاڑی ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ ارشد ندیم نے نہ صرف گولڈ میڈل جیتا ہے بلکہ قوم کے دل بھی جیت لیے ہیں۔

انہوں نے 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ اولمپکس میں ریکارڈ قائم کر کے اپنی برتری ثابت کی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بھی ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر یہ ثابت کیا ہے کہ ’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی۔‘

علیم خان کا کہنا ہےکہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر اور تھرو میں نیا ریکارڈ قائم کر کے قوم کو فخر دلایا ہے۔

میاں چنوں کے سپوت ارشد ندیم نے پوری دنیا کو شکست دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

گورنر کے پی کے فیصل کنڈی نے ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی نے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ریکارڈ قائم کرنا اور گولڈ میڈل حاصل کرنا ارشد ندیم کی محنت کا نتیجہ ہے، اور قوم اولمپکس مقابلوں میں سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کا جشن منا رہی ہے۔

ارشد ندیم کی کامیابی، پاکستان کے لیے فخر کا مقام

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر، سینیٹر شیری رحمٰن نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ ارشد ندیم نے اپنی محنت اور لگن سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ارشد ندیم نے 32 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کا پرچم دوبارہ بلند کیا ہے۔

شیری رحمٰن نے “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں، اور پوری قوم انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے کا انعام

سندھ حکومت نے اولمپکس میں جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے لیے پانچ کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم نے نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔

سندھ حکومت نے ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔

میئر کراچی کا مزید کہنا ہےکہ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر جیو تو ایسے۔۔۔

انہوں نے ارشد ندیم کے نام سے کراچی میں ایک اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا اعلان بھی کیا۔

دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر نے ارشد ندیم کے لیے سونے کا تاج دینے کا اعلان کیا اور زیر تعمیر نیو اسپورٹس اسٹیڈیم کا نام ارشد ندیم اسٹیڈیم رکھنے کا وعدہ کیا۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز کارکردگی دکھاتے ہوئے ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔

میرے بیٹے نے میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیا

پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی والدہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی کامیابی کے لیے بہت دعائیں کیں اور خوشی ہے کہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا۔

ارشد ندیم کی کامیابی کے بعد ان کے گھر کے باہر جشن منایا گیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے، ارشد ندیم کی والدہ نے کہا کہ پوری قوم نے بھی ان کے بیٹے کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کے استقبال کے لیے پھول لے کر جائیں گی۔

ارشد ندیم کی بہن کا کہنا ہےکہ اللہ تعالیٰ نے ان کے بھائی کو میڈل جیتنے کی خواہش پوری کردی۔

ارشد ندیم کے بھائی نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود، ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو کی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ارشد ندیم سے کیے گئے وعدے پورے کرے، خاص طور پر گاؤں میں گراؤنڈ بنانے کا وعدہ پورا کریں-

انہوں نے بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کو بھی مبارکباد دی۔

اہل محلہ کا کہنا ہےکہ ارشد ندیم نے میاں چنوں کا نام پوری دنیا میں روشن کردیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.