اسلام آباد:دنیا بھر میں منکی پوکس کے کیسز میں اضافے اور بھارت میں زیکا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بارڈر ہیلتھ سروسز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این سی او سی کے حکام کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کی نگرانی کی جائے گی اور منکی پوکس کے مشتبہ مریضوں کو خصوصی وارڈز میں قرنطینہ کیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک منکی پوکس کے 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی ہو چکی ہے۔ تمام مریض عرب ممالک سے پاکستان آئے تھے۔
این سی او سی کے مطابق، پاکستان میں منکی پوکس کی بیماری مقامی طور پر موجود نہیں ہے۔
این سی او سی نے مزید بتایا کہ بھارتی شہر پونے میں زیکا وائرس کے 80 سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور متعدد ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
پاکستان میں زیکا وائرس پھیلانے والا مچھر موجود ہے، اور آغا خان یونیورسٹی کے مطابق 2021-22ء میں کراچی میں زیکا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔