اسلام آباد:وزیرِاعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوش خبری سننے کو ملے گی، اور آنے والے چند دنوں میں قوم سے خطاب کے دوران وہ ایک پانچ سالہ معاشی منصوبہ پیش کریں گے۔
یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مہنگائی میں کمی، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور پاکستان کی ترقی کے لیے اپنی پوری توانائی صرف کریں گے۔
انہوں نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور آج کے دن ہم تحریکِ آزادی کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے ان تمام افراد کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ 1947ء میں پاکستان ہندوستان سے الگ ہو کر ایک اسلامی فلاحی مملکت کے طور پر قائم ہوا۔
شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے معیشت اور دیگر شعبوں میں تنزلی آتی رہی ہے۔
آج ہمیں خود احتسابی کی ضرورت ہے اور مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہیں، اور ان کی مشکلات کو پوری طرح سمجھتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمیں دیانت داری اور غیر جانبداری سے غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 77 سال کا سفر قابلِ فخر نہیں رہا، اور اب ہمیں ماضی کو دفن کرکے نئے سفر کا آغاز کرنا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کامیابیاں اور ناکامیاں دونوں ہی ہماری تاریخ کا حصہ ہیں، اور ہر پاکستانی چاہتا ہے کہ قائدِاعظم کے خواب کی تعبیر پوری ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر صنعت ترقی نہیں کر سکتی اور نہ ہی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین نے پاکستان کے دو سال بعد آزادی حاصل کی تھی، اور اس وقت ہم چین سے آگے تھے، لیکن آج ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ہر ممکن حربہ استعمال کر رہا ہے تاکہ پاکستان ترقی نہ کر سکے۔
ہماری جوہری صلاحیت سے دشمن خوفزدہ ہے، اور وہ ڈیجیٹل دہشت گردی کے ذریعے جھوٹ کا پروپیگنڈا پھیلا رہا ہے۔
وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں گے، اور کشمیر و فلسطین کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔