اسلام آباد:کینیڈا کے مختلف شہروں میں پاکستان کا یومِ آزادی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
سب سے بڑی تقریب سٹی آف وان میں ہوئی، جہاں قونصل جنرل آف پاکستان خلیل باجوہ نے شہر کے میئر سٹیون ڈیل ڈوکا کے ساتھ مل کر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔
اس تقریب میں ڈپٹی قونصل جنرل یاسر اقبال بٹ، ٹریڈ قونصلر التمش جنجوعہ، کینیڈین پارلیمنٹ کی ارکان سلمی زاہد اور اقراء خالد، اور دوسرے ممالک کے سفارت کاروں کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے بہت سے افراد نے شرکت کی۔
قونصل جنرل خلیل باجوہ نے صدرِ پاکستان اور وزیرِ اعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے۔
اس کے علاوہ، کینیڈا کے دارالحکومت اٹاوہ میں قائم مقام ہائی کمشنر فیصل کاکڑ نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔
وینکوور، کیلگری اور مونٹریال میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں، اور مسی ساگا کے رج وے پلازہ میں پاکستانی کمیونٹی بڑی تعداد میں جمع ہوئی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔