احسان اللّٰہ کے والد نے اپنے بیٹے کے کرکٹر کیریئر کو بحران سے نکالنے کی اپیل کی

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:فاسٹ بولر احسان اللّٰہ کے والد عبدالنصیر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کا ری ہیب نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں کرایا جائے تاکہ ان کے کرکٹ کیریئر کو بچایا جا سکے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالنصیر کا کہنا ہےکہ سوات میں احسان کی مناسب دیکھ بھال نہیں ہو رہی، اور وہاں کے محدود وسائل اور سہولتوں کی وجہ سے ان کا علاج مشکل ہو رہا ہے۔

انہوں نے پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ احسان کا ری ہیب لاہور کے این سی اے میں کیا جائے جہاں بہتر سہولتیں اور ماہر ڈاکٹرز دستیاب ہیں۔

عبدالنصیر کا مزید کہنا ہےکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سوات میں ری ہیب کرانے کی بات کی ہے جس کے لیے وہ شکر گزار ہیں، مگر سوات میں موجودہ سہولتیں ناکافی ہیں، جس کی وجہ سے احسان کا کیریئر خطرے میں ہے۔

انہوں نے ڈائریکٹر اکیڈمیز ندیم خان سے ملاقات کر کے احسان کو این سی اے منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔

لاہور میں احسان اللّٰہ کی کرکٹ اکیڈمی کے کوچ ملک نصر نے بھی کہا کہ باقی انجرڈ کھلاڑیوں کی طرح احسان اللّٰہ کا ری ہیب بھی این سی اے سے کروایا جائے، کیونکہ پی سی بی انجرڈ کھلاڑیوں کو مقامی ہوٹل میں بہترین رہائش فراہم کرتا ہے۔

احسان اللّٰہ اس وقت پاکستان کا تیز ترین بولر ہے اور اس کا کیریئر داؤ پر لگا ہوا ہے۔احسان اللّٰہ ایک سال سے زائد عرصے سے کہنی کی انجری کا شکار ہیں اور اس دوران ان کا آپریشن بھی ہوا ہے۔

انگلینڈ میں چیک اپ کے بعد پی سی بی کی ایک کمیٹی نے ان کی سرجری اور علاج پر سوالات اٹھائے اور طویل ری ہیب کی تجویز دی۔

چیئرمین محسن نقوی نے اس معاملے پر فوری ایکشن لیا اور احسان کی مکمل دیکھ بھال کے احکامات دیے، جس کے بعد ان کا ری ہیب سوات میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.