اسلام آباد:اسلام آباد پولیس نے غیر قانونی اور ڈبل پارکنگ کے خلاف بڑے آپریشن کے تحت رواں سال 82 ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد، سید علی ناصر رضوی، کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، غیر قانونی اور ڈبل پارکنگ کے خلاف ایک خصوصی مہم شروع کی۔
اس مہم کے لیے پولیس کے افسران پر مشتمل اضافی نفری اور خصوصی دستے تشکیل دیے گئے ہیں، جو مختلف اوقات میں شہر کی اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز پر گرینڈ آپریشنز کر رہے ہیں۔
ان مقامات میں جی الیون، ایف الیون، ایف ٹین، جی نائن، جی ایٹ، آئی ایٹ، بلیو ایریا، جناح سپر مارکیٹ، آبپارہ، اور بارہ کہو مارکیٹ شامل ہیں۔
ان آپریشنز کے دوران غیر قانونی اور ڈبل پارکنگ کی خلاف ورزی پر 82 ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور متعدد گاڑیوں کو قانونی کارروائی کے لیے مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا۔
کار شو رومز کے باہر کھڑی گاڑیوں کو فوک لفٹرز کی مدد سے مخصوص پارکنگ ایریا میں منتقل کیا گیا، اور شو رومز کے مالکان کو خبردار کیا گیا کہ وہ فٹ پاتھ اور سڑک پر گاڑیوں کی پارکنگ سے گریز کریں، ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایس پی ٹریفک، محمد سرفراز ورک کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی حفاظت اور حادثات کی روک تھام کے لیے بلا تفریق قانونی کارروائی کر رہی ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے اور اسلام آباد کو محفوظ بنایا جا سکے۔