اسلام آباد:محکمۂ موسمیات نے ملک کے کئی شہروں میں ڈینگی کی وباء پھیلنے کی وارننگ جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، درجہ حرارت 16 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی صورت میں ڈینگی پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر بارش کے باعث اکتوبر میں اس بیماری کے پھیلنے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈینگی بڑے شہروں، خاص طور پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں خطرناک حد تک پھیل سکتا ہے۔ دیگر متاثرہ شہروں میں لاہور، کراچی، حیدر آباد، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔
عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ انسدادِ ڈینگی مہم میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
تفصیلات کے مطابق، حالیہ دنوں میں پنجاب میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ کراچی کے سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسیز بھرنے لگی ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایمرجنسی کنسلٹنٹ جناح اسپتال، ڈاکٹر عمار کے مطابق، پرائمری اور سیکنڈری کیئر اسپتالوں میں سہولتوں کی کمی ہے۔
جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ 2 ہزار مریض آ رہے ہیں، جبکہ صرف 20 سے 25 مریضوں کو داخلہ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 4 ماہ پہلے تک جناح اسپتال میں روزانہ 1 ہزار مریض آتے تھے۔
ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عمران نے کہا کہ سول اسپتال میں روز آنے والے مریضوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ 4 ماہ پہلے یہ تعداد 800 سے زائد تھی۔