باجوڑ: پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 31 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ڈی پی او باجوڑ، وقاص رفیق، نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف جاری جنگ میں ایک اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس میں تحصیل سلارزئی کے علاقے پشت سے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے قبضے سے چرس برآمد ہوئی ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس۔ایچ۔او تھانہ سالارزئی، بادشاہ الرحمن، نے ناکہ بندی کے دوران اس منشیات فروش کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر حوالات میں بند کر دیا۔ ڈی پی او وقاص رفیق نے مزید بتایا کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران پانچ منشیات فروشوں کو عدالت نے سزائیں سنائی ہیں، جن میں قید اور جرمانے شامل ہیں، جبکہ تین کی ضمانتیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، کیونکہ یہ ایک خطرناک مسئلہ ہے۔ باجوڑ پولیس کا عزم ہے کہ دو ماہ کے اندر اندر اس علاقے کو منشیات کی لعنت سے پاک کر دیا جائے گا۔
قبائلی عمائدین اور عوام نے اس کریک ڈاؤن کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈی پی او وقاص رفیق اور باجوڑ پولیس کی کوششوں کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ عوامی تعاون سے اس ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔