اسلام آباد:جامعہ فاطمہ جناح برائے خواتین، راولپنڈی کے شعبہ اردو زبان و ادب کی جانب سے خطاطی کی بنیادی مہارتیں کے موضوع پر پانچ روزہ عالمی کارگاہ کا آغاز 4 نومبر 2024 کو کیا گیا۔
اس ورلڈ کلاس پروگرام کا افتتاح جامعہ کے نیو آڈیٹوریم میں ایک شاندار تقریب کے دوران ہوا، جس میں ملک بھر سے ماہرینِ خطاطی اور فنونِ لطیفہ کے مختلف شائقین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد شعبہ اردو زبان و ادب کی صدر نشین، ڈاکٹر فرحت جبین ورک نے کارگاہ کا تعارف پیش کیا۔
انہوں نے فنون لطیفہ اور سماجی علوم کے مابین ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطاطی کی جمالیاتی اہمیت کو اجاگر کیا۔
رئیسہ جامعہ، پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے اپنی تقریر میں اس نوعیت کی تقاریب اور علمی نشستوں کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اسلامی فنِ مصوری کے اثرات کو موجودہ دور کی زندگی میں اور اس کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔
ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے شعبہ اردو کی قومی زبان کے فروغ کے لیے کی جانے والی بے لوث کاوشوں کو سراہا اور ان کی اہمیت پر زور دیا۔
کارگاہ کی اگلی نشست میں عرفان مرتضیٰ نے امریکہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے کلیدی خطبہ دیا، جس میں انہوں نے خطاطی کی بنیادی مہارتوں اور خوشخطی کے مختلف مراحل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
اس موقع پر، مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان، اسلام آباد نے بھی خطاطی کی اہمیت اور اس کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
آخر میں، شعبہ اردو کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اقلیمہ ناز نے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرامز کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ علم و ادب کا معیار مزید بلند ہو سکے۔
افتتاحی تقریب کے اختتام پر مہمانان گرامی میں نشانِ سپاس تقسیم کیے گئے اور اس یادگار موقع پر گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔
کارگاہ کی نظامت پی ایچ ڈی سکالر حلیمہ بی بی نے کی۔ افتتاحی تقریب میں اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ پانچ روزہ کارگاہ جاری رہے گی، جس میں معروف خطاط شاکر شہزاد تلمیذ اور خالد جاوید یوسفی اساتذہ اور طالبات کو خطاطی کی مہارتیں سکھائیں گے۔