پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 35 اوورز میں آؤٹ کیا

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 35 اوورز میں 163 رنز پر ڈھیر کر دیا۔

آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 50 اوورز کا کھیل مکمل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے میچ میں شاندار آغاز کیا اور آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 21 رنز پر حاصل کی جب جیک فریزر مکگرک کو 13 رنز پر شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔

اس کے بعد 41 رنز پر میتھیو شارٹ بھی شاہین آفریدی کی گیند پر 19 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

آسٹریلوی بیٹرز نے اس کے بعد پارٹنرشپ قائم کرنے کی کوشش کی، لیکن حارث رؤف نے یہ کوشش ناکام بنائی۔

انہوں نے جوش انگلس کو 18 رنز پر آؤٹ کیا اور آسٹریلیا کی تیسری وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد حارث رؤف نے مزید دو وکٹیں حاصل کیں۔مارنس لبوشین کو 6 رنز پر اور کپتان پیٹ کمنز کو 13 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین نے شاندار بولنگ کی۔

حارث رؤف نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین آفریدی نے 3، نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کے لیے اسٹیو اسمتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، جنہوں نے 35 رنز بنائے، انہیں محمد حسنین نے کیچ آؤٹ کرایا۔

پاکستانی کپتان محمد رضوان نے میچ کے بعد کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور انہوں نے پِچ کو دیکھتے ہوئے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی بولنگ کرتے۔

ٹیمیں:

پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم میں کپتان پیٹ کمنز، جیک فریزر مکگرک، میتھیو شارٹ، جوش انگلس، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، شان ایبٹ، ایڈم زیمپا، جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

سیریز کی صورتحال:

آسٹریلیا کو تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی شیڈول ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.