اسلام آباد:آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس کی سماعت عدالت میں ہو رہی ہے۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کو حکم دیا ہے کہ وہ آج ہر صورت میں عدالت میں پیش ہوں۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی گزشتہ سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی، جہاں عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکوشن گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہوچکے ہیں اور جرح بھی مکمل ہوچکی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پہلے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کی استدعا کی۔
نیب کے پراسیکیوشن جنرل سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایا کہ پانچ بار موقع دیا جاچکا ہے لیکن ملزمان 342 کے سوالنامے کا جواب نہیں دے رہے ہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان سے آج 342 کے سوالنامے کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔