کراچی:وزارت دفاع اور ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے زیر انتظام 4 روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش “آئیڈیاز 2024” کا 12واں ایڈیشن آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہو رہا ہے۔
یہ نمائش عالمی سطح پر دفاعی صنعت کی جدید ترین ٹیکنالوجیز، اختراعات اور تعاون کے مواقع کو اجاگر کرنے کا اہم پلیٹ فارم بنے گی، جہاں ملکی اور غیر ملکی دفاعی ماہرین، کمپنیاں اور نمائندے شریک ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اس نمائش کا افتتاح کریں گے۔ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس نمائش میں پاکستان اور دیگر دوست ممالک کی دفاعی مہارتوں، آلات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اس بین الاقوامی دفاعی نمائش میں دنیا کے 55 ملکوں سے 550 سے زائد نمائش کنندگان اپنے اسٹالز لگائیں گے۔
ترکیہ اور چین بھاری تعداد میں شرکت کر رہے ہیں، جب کہ ایران، اٹلی اور برطانیہ پہلی بار نمائش میں شریک ہوں گے۔ یہ نمائش 19 سے 22 نومبر تک جاری رہے گی۔
آئیڈیاز 2024 میں ایشیا، مشرق وسطیٰ اور جنوب مغربی ایشیا کے اہم ممالک بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، ترکی، ایران، یمن، چین، بھارت، جاپان، ملائیشیا، سنگاپور اور دیگر ممالک بھی شرکت کریں گے۔