اسلام آباد:پاکستان کے معروف اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے پاکستان اور بھارت کے اداکاروں کے مابین مشترکہ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں فہد مصطفیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے اداکاروں کو حکومتی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے ملک میں شوٹنگ کی اجازت دینی چاہیے تاکہ وہ اپنے کام میں مزید تخلیقی آزادی حاصل کر سکیں۔
اداکار نے اپنے پسندیدہ بھارتی اداکار کے بارے میں بات کرتے ہوئے مرحوم عرفان خان کو اپنی پسندیدہ شخصیت قرار دیا۔
اسی طرح، انہیں بھارتی اداکار اوم پوری اور نصیرالدین شاہ کی اداکاری بھی بہت پسند ہے۔
فہد مصطفیٰ نے اوم پوری کے ساتھ اپنے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کر کے نہ صرف انہیں بہت مزہ آیا بلکہ انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے فنکار ایک جیسے ہیں، کیونکہ جہاں بھارت میں پاکستانی ڈرامے شوق سے دیکھے جاتے ہیں، وہیں پاکستان میں بھارتی فلمیں بھی مقبول ہیں۔
فہد مصطفیٰ کے مطابق اگر دونوں ممالک کے فنکار ایک ساتھ کام کریں گے تو اس سے دونوں طرف کے اداکاروں کو بہت فائدہ پہنچے گا۔
آخر میں فہد مصطفیٰ نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو نہ صرف کام کرنے کی اجازت ملے گی، بلکہ دونوں ممالک میں شوٹنگ کرنے کی بھی اجازت ہونی چاہیے تاکہ کسی تیسرے ملک میں جا کر شوٹنگ کرنے کی ضرورت نہ پیش آئے۔