ذہنی دباؤ کی شدت کو کم کرنے کے مؤثر طریقے کونسے ہیں؟

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اسٹریس یا ذہنی دباؤ ہماری زندگیوں پر گہرے اور منفی اثرات مرتب کرتا ہے، تاہم اکثر لوگ اسے ایک عارضی نفسیاتی خلل سمجھ کر نظرانداز کر دیتے ہیں۔

ذہنی دباؤ نہ صرف کام کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے بلکہ ہماری خوشی اور صحت مند زندگی گزارنے کی صلاحیت کو بھی کم کر دیتا ہے۔

جب کوئی شخص ذہنی دباؤ کا شکار ہوتا ہے، تو وہ نہ صرف ناخوش، چڑچڑا یا چڑچڑاہٹ محسوس کرتا ہے بلکہ غصہ بھی زیادہ آتا ہے۔

تھکا دینے والے روزمرہ معمولات اور ذمے داریوں کا بڑھنا اس صورتِ حال کو مزید سنگین بنا دیتا ہے۔

ایسے میں ضروری ہے کہ آپ زندگی گزارنے کے لیے ایک ایسا راستہ اختیار کریں جس پر چلتے ہوئے آپ اپنے ذہنی دباؤ کو کم کر سکیں۔

آج ہم آپ کے ساتھ کچھ مفید مشورے شیئر کر رہے ہیں جن پر عمل کر کے آپ اپنی مصروف زندگی میں ذہنی دباؤ سے بچ سکتے ہیں۔

1. معمولات میں باقاعدگی لائیں

انسان کو اپنی زندگی اپنی خواہشات کے بجائے اپنے طے شدہ اصولوں اور مقصد کے مطابق گزارنی چاہیے۔

اپنے روزمرہ معمولات کو منظم کرنے کے لیے روزانہ یا ہفتہ وار (یا کسی حد تک ماہانہ) بنیاد پر اہم اور فوری نوعیت کے کاموں کی فہرست ترتیب دیں۔

یہ فہرست آپ کو زندگی کو بہتر انداز میں منظم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اگر آپ دن بھر کا شیڈول پہلے سے طے کر لیں گے، تو آپ ہر دن کو زیادہ مؤثر اور پیداواری انداز میں گزار سکیں گے۔

2. دن کا آغاز جلدی کریں

ہر روز صبح جلدی اُٹھنے کی کوشش کریں۔ یہ بات آپ نے بڑوں سے ضرور سنی ہوگی کہ اگر آپ صحت مند، خوشحال اور ذہنی طور پر تیز رہنا چاہتے ہیں، تو رات کو جلد سونا اور صبح جلد اُٹھنا ضروری ہے۔

اپنے روزمرہ معمولات کا ایک شیڈول بنائیں اور پھر خود کو اس کے مطابق ڈھال لیں۔ صبح جلد اُٹھنا جسمانی اور ذہنی طور پر فائدہ مند ہوتا ہے۔

مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5374

3. مثبت رویے کو فروغ دیں

ایسی چیزوں کی فہرست بنائیں جو آپ کو خوشی اور اُمید دیں۔ یہ طریقہ آپ کو اپنے ذہنی دباؤ سے مثبت انداز میں نجات دلانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

آپ اپنے قریبی رشتہ داروں سے ملاقاتیں کریں، سماجی بہبود کی سرگرمیوں میں حصہ لیں یا گھر کے کاموں میں مدد کریں۔ یہ سب سرگرمیاں آپ کو ذہنی سکون اور خوشی فراہم کرتی ہیں۔

4. سادگی اپنائیں

زندگی کی پیچیدگیوں میں نہ اُلجھیں۔ اپنے لائف اسٹائل کو سادہ رکھیں اور اسکرین (ٹیلی ویژن، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، اسمارٹ فونز) سے دور رہنے کی کوشش کریں، خاص طور پر جب آپ اہم کاموں میں مصروف ہوں۔

زندگی کی اُلجھنیں اور پیچیدگیاں زیادہ تر اسکرین سے ہی جنم لیتی ہیں، اس لیے کوشش کریں کہ اپنے کاموں کے دوران ان سے بچیں۔

5. چیلنجز کا مقابلہ کرنا سیکھیں

جب آپ خود کو غیر متوقع حالات میں پاتے ہیں، تو اپنی غلطیوں کو تسلیم کریں اور ان پر پریشان ہونے کی بجائے حل تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ یہ ذہنی سکون کی طرف پہلا قدم ہے۔

غلطیوں کو تسلیم کرنے سے آپ اپنے دماغ پر مثبت اثر ڈالتے ہیں اور مستقبل میں آنے والی مشکلات کا بہتر طور پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

6. کام ملتوی کرنا ترک کریں

جو کام آپ کے ذمے ہے، اسے جلدی نمٹائیں کیونکہ “کل کبھی نہیں آتا”۔ کام کو ٹالنے سے نہ صرف ذہنی دباؤ بڑھتا ہے، بلکہ شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، جو آپ کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتا ہے۔

7. آرام کے لیے وقت نکالیں

اپنے جسم اور دماغ کو آرام دینے کے لیے وقت نکالنا ضروری ہے۔ کام میں مسلسل مصروفیت ذہنی دباؤ کو بڑھاتی ہے، اس لیے کام سے فارغ ہو کر خود کے لیے کچھ وقت نکالنا ضروری ہے۔ ایسا کرنے سے آپ خود کو پُرسکون اور بہتر محسوس کریں گے۔

8. توجہ مرکوز رکھیں

اپنے کاموں پر مکمل توجہ دینا ضروری ہے۔ ہر کام پر بھرپور توجہ دینے سے آپ بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہیں اور جلدی کام مکمل کر پاتے ہیں۔

9. خوش رہنے کی کوشش کریں

روزانہ باقاعدگی سے ورزش کرنا خوش رہنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔ ورزش جسم میں نیوروٹرانسمیٹرز اور کورٹیسول جیسے ہارمونز کی مقدار کم کرتی ہے، جو ذہنی دباؤ کا باعث بنتے ہیں۔ متوازن غذا کھائیں اور غیر ضروری سوچوں سے بچیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.