نیٹی جیٹی پل پر آئل ٹینکر کے حادثے سے ٹریفک کئی گھنٹے تک جام
نیٹی جیٹی پل پر ٹرالر اور آئل ٹینکر کے تصادم سے ہزاروں لیٹر آئل سڑک پر بہہ گیا۔ جس کے باعث ماڑی پور جانے والا راستہ بند کر دیا گیا۔ اور ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے
کراچی:کراچی کے علاقے کیماڑی میں واقع نیٹی جیٹی پل پر ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرالر اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ہزاروں لیٹر آئل سڑک پر بہہ گیا۔
اس حادثے نے نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا، بلکہ ماحول پر بھی سنگین اثرات مرتب کیے، جس سے علاقے میں شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حادثے میں تیز رفتار ٹرالر آئل ٹینکر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر کا تیل سڑک پر بہنے لگا۔
حادثے کے بعد شہری تیل کو ڈرمز میں بھرنے کے لیے موقع پر پہنچے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد پھسل کر زخمی ہو گئے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو آئل جمع کرنے سے منع کرنے کے باوجود وہ اس کام میں مصروف رہے۔
اس حادثے کے بعد ماڑی پور جانے والے راستے کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔ ٹریفک پولیس نے دونوں گاڑیوں کو تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیٹی جیٹی پل پر معمول سے زیادہ ہیوی ٹریفک ہوتی ہے اور حادثے کے باعث سڑک بند ہونے کے باعث کئی گھنٹوں سے ٹریفک جام ہو چکا ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5532