قائداعظم کا 148واں یومِ پیدائش آج عقیدت و احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے
بانیٔ پاکستان قائداعظم کا 148واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں روایتی جوش و جزبے اور عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مختلف ممالک کے وزرائے اعظم نے بھی قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کراچی:پاکستان کے بانی، قائداعظم محمد علی جناح کا 148واں یومِ پیدائش آج پورے ملک میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یہ دن نہ صرف قائد کی جرات مندانہ قیادت اور عظیم خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے بلکہ ان کے ویژن کو زندہ رکھنے کے عزم کا دن بھی ہے، جس نے پاکستان کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
ملک بھر میں توپوں کی سلامی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔
قومی تعطیل اور خصوصی تقریبات
بابائے قوم کے یومِ ولادت پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ سرکاری اور غیر سرکاری ادارے خصوصی تقریبات کا انعقاد کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا قائداعظم کو خراجِ عقیدت
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے وہ کر دکھایا جسے لوگ ناممکن سمجھتے تھے۔ ان کی انتھک محنت کے نتیجے میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔
وزیرِ اعظم کا مزید کہنا ہے کہ قائداعظم اتحاد، انصاف اور مساوات پر یقین رکھتے تھے، اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے محنت کریں۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کا پیغام
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ قائداعظم کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنا کر ملک کی ترقی ممکن ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں سیاسی وابستگی سے بالا ہو کر اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔
قائداعظم کی جدوجہد کو خراج
قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت، عزم اور لگن کے ذریعے پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا۔ ان کا یومِ پیدائش ملک کے تمام طبقوں کو اتحاد اور ترقی کے لیے جدوجہد کا درس دیتا ہے۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5690