اسلام آباد:بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پرشورام کلیان بورڈ کے چیئرمین وشنو راجوریا نے برہمن برادری کے شادی شدہ جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے پر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اندور میں نوجوانوں اور خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راجوریا نے کہا کہ دیگر مذاہب کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے برہمن نوجوانوں کو اپنی نسل کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے شادی شدہ جوڑوں پر زور دیا کہ وہ کم از کم چار بچے پیدا کریں۔ راجوریا نے یقین دہانی کرائی کہ ایسا کرنے پر پرشورام کلیان بورڈ کی جانب سے جوڑوں کو ایک لاکھ بھارتی روپے انعام دیا جائے گا، چاہے وہ مستقبل میں بورڈ کے صدر رہیں یا نہ رہیں۔
راجوریا کے اس اعلان کے بعد بھارت میں تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ محکمہ سماجی بہبود کے ایک اہلکار نے ان کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ریاستی حکومت کی پالیسی کے خلاف ہے۔
مدھیہ پردیش کے سول سروسز قوانین کے تحت سرکاری ملازمت کے لیے صرف وہ افراد اہل ہیں جن کے دو یا اس سے کم بچے ہوں۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5941