اسلام آباد: اسلام آباد (ان لائن) ستارہ مارکیٹ کے پلازہ نمبر 6 جے کے مالک شیخ معین نے بدھ کے روز اپنے بیٹوں کے ہمراہ روزنامہ جناح اور ان لائن نیوز ایجنسی کے مرکزی دفتر پر حملہ کر دیا۔
حملے کے دوران شیخ معین نے دفتر کی حدود میں مرمتی کام کرنے والے مزدوروں کو گالی گلوچ کی اور انہیں قتل کی دھمکیاں دیں۔ شیخ معین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پلازے کا بارشی پانی نہیں نکلنے دیں گے حالانکہ اس کی اپنی حدود میں ڈرینج اور سیوریج کا انتظام موجود ہے۔
اس کے بعد شیخ معین نے ادارے کے ایڈیٹر انچیف محسن جمیل بیگ کو بھی دھمکیاں دیں اور کہا کہ وہ دیکھیں گے کہ کس طرح ادارہ ان کے پلازے کے ساتھ دیوار بناتا ہے۔ اس دوران شیخ معین نے زبردستی مرمتی کام روک دیا اور دفتری حدود میں ایک دیوار بھی گرا دی، جس سے ادارے کے استقبالیہ کو نقصان پہنچا۔ اس واقعے کے بعد ادارے کی انتظامیہ نے فوراً پولیس کو اطلاع دی اور تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او عاصم غفار سے مدد کی درخواست کی۔
ایس ایچ او عاصم غفار موقع پر پہنچے اور معاملے کا جائزہ لیا، تاہم شیخ معین اپنے بیٹوں کے ہمراہ موقع سے فرار ہو گئے۔ ایس ایچ او نے ادارے کی انتظامیہ اور مزدوروں کے بیانات بھی درج کیے اور ان سے شیخ معین کی جانب سے مسلسل دھمکیاں ملنے کی اطلاع حاصل کی۔ اس کے بعد شیخ معین اور ان کے بیٹوں کے خلاف تھانہ آبپارہ میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق ورک نے اس حملے کی شدید مذمت کی اور اسلام آباد پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ ادارے کو سیکیورٹی فراہم کرے اور ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرے۔