یوم پاکستان کے موقع پر صدر و وزیراعظم نے قوم کو کیا پیغامات دیے؟

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں ہونے والی پریڈ میں صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں پاکستان کی تاریخ اور قربانیوں کو سراہا۔
انہوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی یکجہتی

صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی قوم اور مسلح افواج کے درمیان یکجہتی کو اجاگر کیا اور کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان کے عوام میں مسائل پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت ہے۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی اور عالمی مسائل

صدر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن اور استحکام پر مبنی ہے اور کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کیا، جو بھارتی مظالم کا شکار ہیں۔
انہوں نے فلسطین میں ہونے والی نسل کشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی۔

پاکستان کا مقصد اور دہشت گردی کے خلاف عزم

خطاب میں انہوں نے پاکستان کے مقصد کو ایک مضبوط، جدید اسلامی فلاحی مملکت بنانا قرار دیا اور دہشت گردی کے خلاف قوم کی متحد کوششوں کا ذکر کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے کوئی قربانی دریغ نہیں کی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی قوم کو مبارکباد

یوم پاکستان کی اس تقاریب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو مبارکباد دی۔ اس دن لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، جس میں ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا اور دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=6344

گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری

یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ اراکین کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی۔
انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا قوم کے لیے پیغام

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اپنے عظیم رہنماؤں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یکجہتی، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا درس دیتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاک افواج ہمارا فخر ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر کے خلاف ہم سب کو ایک ہونا ضروری ہے۔
آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی فلاح و بہبود کے لیے ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں گے۔

مذہبی ہم آہنگی اور مساوی حقوق کا عہد

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں تمام مذاہب کے افراد کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور سب کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔
ہم ایک آزاد وطن میں سانس لیتے ہیں اور آزادی سے اپنے مذہبی فرائض سر انجام دیتے ہیں۔

قرارداد پاکستان کی تاریخی اہمیت اجاگر

انہوں نے یومِ پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی اور خوشحالی کے لیے تئیس مارچ انیس سو چالیس کو قراردادِ پاکستان منظور کی گئی، جو آگے چل کر قیامِ پاکستان کی بنیاد بنی۔ یہ دن تمام پاکستانیوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.