اسلام آباد میں بارش، ٹریفک پولیس کا حفاظتی الرٹ

0

نیوز ڈیسک

اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں موسلادھار بارش کے پیش نظر شہریوں، خصوصاً موٹر سائیکل سواروں اور گاڑی چلانے والوں کے لیے حفاظتی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور حادثات کا خدشہ بڑھ سکتا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو دورانِ سفر خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایڈوائزری میں ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور حدِ نگاہ کم ہونے کی صورت میں فوگ لائٹس استعمال کریں۔ اس کے علاوہ مقررہ لین میں رہنے، سائیڈ ویو مررز اور ٹرن سگنلز کا درست استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ باندھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہننے اور حفاظتی اصولوں کے مطابق سڑک کے انتہائی بائیں جانب سفر کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ پھسلن اور گیلی سڑکوں کے باعث پیش آنے والے حادثات سے بچا جا سکے۔

پولیس کے مطابق ٹریفک اہلکار شہریوں کی رہنمائی اور متاثرہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو تازہ ترین ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز سے رابطے میں رہنے، جبکہ ٹریفک کی تازہ صورتِ حال جاننے کے لیے آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سننے کا مشورہ دیا ہے۔

پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.