پولیو کے خاتمے کے لیے فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کا اعتراف

0

نیوز ڈیسک

اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ملک بھر میں خدمات انجام دینے والے 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

عالمی یومِ پولیو کے موقع پر جاری بیان میں نیشنل EOC نے پولیو کے خلاف جنگ میں ان کارکنوں کی انتھک محنت، لگن اور قربانیوں کو سراہا، جو ملک بھر میں بچوں کو اس خطرناک اور عمر بھر کے لیے معذوری کا باعث بننے والی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔

Read More: https://urdu.thepenpk.com/?p=10553

بیان کے مطابق، پولیو ورکرز انتہائی مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں اور دور دراز بستیوں، دشوار گزار پہاڑی علاقوں، برف پوش خطوں اور تپتے صحراؤں تک پہنچ کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاتے ہیں۔

نیشنل EOC نے کہا کہ ان کارکنوں کا غیر متزلزل عزم اور بے مثال لگن پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی قومی مہم میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کی مسلسل کوششوں کا مقصد ہر بچے تک حفاظتی ویکسین پہنچانا اور ملک کو پولیو سے پاک بنانا ہے۔

مرکز نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت پاکستان کی پولیو کے خلاف جنگ میں امید کی کرن ہے۔ یہ کارکن نہ صرف بچوں کی صحت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل کی بنیاد بھی رکھ رہے ہیں۔

نیشنل EOC نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔ مرکز کے مطابق، پولیو ورکرز کا کردار اس قومی ہدف کے حصول میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور ہر بچے کو اس بیماری سے محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور عوام کا تعاون ضروری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.