نیوز ڈیسک
شانگلہ: خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کی تحصیل پورن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران عمارت کی سیڑھیاں گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز اس وقت پیش آیا جب اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں علاقے میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری تھی۔ اس دوران سیڑھیوں پر کھڑے آٹھ بچے عمارت کا ڈھانچہ منہدم ہونے کے باعث نیچے بہنے والی ندی میں جا گرے۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں دو بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ چھ زخمی بچوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال پورن منتقل کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شانگلہ نے بھی زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کیے جانے کی تصدیق کی۔
یہ حادثہ علاقے میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری مہم کے دوران پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو کم سن بچوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔
Read More: https://urdu.thepenpk.com/?p=10286
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبے کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔
پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور ضلع خیبر سمیت مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات ہٹانے اور عوامی مقامات کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے آپریشنز جاری ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خالی کرائی گئی جگہوں پر دوبارہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائیں۔
حکام نے شہریوں اور دکانداروں پر زور دیا ہے کہ وہ قانون کی پابندی کریں اور سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک رکھیں تاکہ پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
