نیوز ڈیسک
اسلام آباد:اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے 27 اکتوبر کو منعقد ہونے والی کشمیر ڈے واک کے سلسلے میں ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کر دیا ہے۔ ٹریفک پلان صبح 7 بجے سے نافذ العمل ہوگا اور تقریب کے اختتام تک برقرار رہے گا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق واک کے دوران وفاقی دارالحکومت کی متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹریفک جام سے بچنے اور سفر میں سہولت کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔
جاری کردہ پلان کے تحت سیکرٹریٹ سے فرانس ٹرن تک شاہراہِ جمہوریت پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا جائے گا، جبکہ شہریوں کو متبادل راستے کے طور پر مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح سرینا ہوٹل کے قریب ڈھوکری چوک سے فرانس ٹرن تک ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوگی۔ اس راستے پر سفر کرنے والے شہریوں کو ایمبیسی روڈ اور اتاترک روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شمس پکٹ سے ریڈیو پاکستان تک بھی ٹریفک کا رخ تبدیل کیا جائے گا، جس کے باعث شہریوں کو بری امام تھرڈ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریفک پلان کے مطابق ایف بی آر چوک اور وحید شہید چوک سے سیکرٹریٹ کی جانب جانے والی ٹریفک کو بھی متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ اس دوران شہریوں کو مارگلہ روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مزید برآں، نادرا ہیڈ کوارٹرز سے ریڈیو پاکستان چوک کی جانب آنے والی ٹریفک کا رخ بھی موڑا جائے گا، جبکہ جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ متبادل راستوں کے طور پر استعمال کیے جا سکیں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کشمیر ڈے واک میں شرکت کرنے والوں کے لیے پارکنگ کے خصوصی انتظامات بھی کیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق وی آئی پی گاڑیوں کے لیے ڈی چوک پریڈ گراؤنڈ میں پارکنگ مختص کی گئی ہے، جبکہ واک میں شریک عام شہری اپنی گاڑیاں نیشنل لائبریری میں پارک کر سکیں گے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک پلان پر عمل کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں سے تعاون کریں تاکہ تقریب کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کائنات اظہر خان کے مطابق شہری ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہنے کے لیے ایف ایم 92.4 سن سکتے ہیں یا اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا صفحات ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
